• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف آواز اٹھائے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانا ہو گی، ریاستی دہشت گردی میں معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سالانہ سربراہی ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق خطے کے دیرینہ تنازعات کو حل کیا جانا چاہیے۔

وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ ایران کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا رکن بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کی جانی چاہیے، ریاستی دہشت گردی میں معصوم لوگوں کا قتل انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، خطے میں پائیدار امن تنظیم کے تمام رکن ممالک کی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی مدد کے لیے آگے بڑھے، پُر امن اور مستحکم افغانستان خطے میں معاشی استحکام کا باعث بنے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایس سی او افغانستان رابطہ گروپ اہم کردار ادا کر رہا ہے، عالمی مسائل کے لیے عالمی یک جہتی ضروری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قازقستان کو تنظیم کی رکنیت ملنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، بیلا روس کو اگلے اجلاس میں مکمل رکن بننے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا کو معاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رابطے جدید عالمی معیشت میں کلیدی اہمیت اختیار کر گئے ہیں، رابطوں کے فروغ کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی پیک معاشی خوش حالی، امن اور استحکام میں گیم چینجر ثابت ہو گا، وسطی ایشیاء میں پاکستان کو ایک منفرد جغرافیائی حیثیت حاصل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت خصوصی تجارتی زونز قائم کیے جا رہے ہیں، پاکستان اس سال کے آخر میں مواصلات سے متعلق ایس سی او اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے پاکستانی معیشت کو 30 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا، ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں غربت کے خاتمے کے لیے قریبی تعاون کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھانا ہو گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی امن کے لیے لوگوں کو کشمیریوں کا حقِ خود ارادیت یقینی بنانا ہو گا، مذہبی منافرت پھیلانے والے رویوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید