عامر خان اور راج کمار ہیرانی نے تقریباً 10 برس بعد ایک بار پھر اکٹھے کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عامر خان اور راج کمار ہیرانی نے 2014ء میں فلم ’پی کے‘ کے بعد ایک ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اُن کی نئی کاوش ایک بائیوپک ہوگی۔
بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کی اسٹار کاسٹ پر مبنی فلم ڈنکی کی ریلیز کے بعد راج کمار ہیرانی فارغ ہوں گے تو وہ عامر خان کے ساتھ مل کر اپنے نئے پروجیکٹ پر کام کریں گے۔
عامر خان اور راج کمار ہیرانی کا یہ تیسرا بڑا پروجیکٹ ہوگا، دونوں اس سے قبل تھری ایڈیٹس 2009ء اور پی کے 2014ء پر ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔
بالی ووڈ میں اپنے شعبے کے ان دونوں ستاروں کی فلموں نے باکس آفس پر خوب کمائی کی، اس کے ساتھ ان دونوں فلموں کی کہانی، اداکاری اور ڈائریکشن نے ہر دیکھنے والے کو اپنا دیوانہ بنالیا۔
سب ہی جانتے ہیں عامر خان اور راج کمار ہیرانی ایک دوسرے سے خوب واقف ہیں، یہ دونوں ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے پہلے بھی کئی موضوعات پر بات چیت کی ہے۔
تاہم کافی عرصے کی تگ و دو کے بعد اداکار اور ہدایت کار ایک موضوع پر متفق ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راج کمار ہیرانی نے حال ہی میں عامر خان کو بائیوپک فلم کی کہانی سنائی، جسے سننے کے بعد اداکار فوراً ہی پرجوش ہوگئے۔
بھارتی میڈیا نے قریبی ذرائع کے حوالے سے کہا کہ راجو سر فی الحال ڈنکی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ تاپسی پنوں اور وکی کوشل نمایاں کردار ادا کررہے ہیں، جو رواں برس دسمبر میں ریلیز کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق راج کمار ہیرانی فلم کی ریلیز کے بعد اپنے اگلے پروجیکٹ کےلیے عامر خان کےساتھ مصروف ہوجائیں گے۔
عامر خان آخری بار اپنی فلم لال سنگھ چڈھا میں نظر آئے تھے، گزشتہ برس اگست میں ریلیز ہونے والی فلم بائیکاٹ سیل کی مہم جوئی کے باعث باکس آفس پر متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکی اور تقریباً 130 کروڑ کا بزنس کیا۔