برٹش قونصلیٹ کراچی میں شاندار میوزیکل نائٹ کے موقع پر موسیقی کے رنگ چھائے رہے، نئی نسل کے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سنگرز نے مختلف پاکستانی اور انگلش گیت پیش کرکے موسیقی کے متوالوں کے دل جیت لیے۔
نامور پاپ سنگر حسن رحیم اور ڈی جے سڈ نے محفل میں چار چاند لگا دیے۔ اس ’’خُوبصورت شام‘‘ میں مختلف ممالک کے افسران نے شرکت کی اور موسیقی کے دیوانے جُھومتے رہے۔
اس موقع پر برطانوی قونصلیٹ کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، سُروں کی برسات ہوتی رہی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں قائم برطانوی قونصلیٹ میں پاکستانی فیشن، موسیقی اور ثقافت کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مرتبہ سجائی گئی شام میں موسیقی کے رنگ بکھیرے گئے۔
برطانوی قونصلیٹ کراچی کی عمارت کو ڈیجیٹل لائٹس سے دُلہن کی طرح سجایا گیا۔ شامِ موسیقی سے قبل مہمانوں کی مختلف اقسام کھانے پینے کی اشیا سے تواضح کی گئی۔
میوزیکل نائٹ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سنگر حسن رحیم اور ڈی جے سڈ نے اپنے نئے اور دل چُھولینے والے انداز سے زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے اپنے مشہور گانوں کے ساتھ استاد نصرت فتح علی خان کے مقبول گیت بھی پیش کیے۔ پروگرام کی میزبان زہرہ مرچنٹ نے منفرد اسٹائل سے فنکاروں کو تالیوں کی گونج میں اسٹیج پر مدعو کیا۔
پاکستانی فلموں کے معروف ہدایتکار وجاہت رؤف، اداکار و گلوکار عاشر وجاہت، کشمیر بینڈ کے بلال علی، ماریہ علی، عدنان ظفر، اسامہ ناصر، دانیال کنول اور بلال حسن نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کے آرگنائزر طلحہ ہاشم کا کہنا تھا کہ ہم نے اسپاٹیفائی کے ذریعے نئی نسل کے ٹیلنٹ کو دنیا بھر میں متعارف کروایا ہے۔