• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی پر قوم سراپا احتجاج


سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پوری قوم سراپا احتجاج ہے۔ یومِ تقدیسِ قرآن پر ملک کے مختلف شہروں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں ہونے والے مظاہروں میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

مظاہرین کا عالمی برادری سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لینے کا مطالبہ  کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

گوجرانوالہ میں مسیحی برادری نے ریلی نکالی، فیصل آباد میں وکلا کی جانب سے  ہڑتال کی گئی، جبکہ ملتان میں تحفظ حرمت قرآن ریلی نکالی گئی۔

پنجاب کے شہروں سرگودھا، حافظ آباد، لیہ اور گوجرہ میں بھی مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔

سندھ  اور بلوچستان کے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ سکھر، لاڑکانہ، چاغی اور نوشکی کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے علاقوں، لکی مروت اور بنوں میں بھی احتجاج کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قرآن کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے کےلئے آج ہم یک آواز ہیں۔

یوم تقدیس قرآن کے موقع پر لاہور میں مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں نے ریلیاں نکالیں اور سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیے جانے پر احتجاج کیا۔

مسلم لیگ ن نے مسجد شہداء کے باہر مظاہرہ کیا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لائرز ونگ نے جی پی او چوک سے ریگل چوک تک تحفظ قرآن ریلی نکالی۔

 جماعت اسلامی نے ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، داتا دربار کے باہر تحریک لبیک نے تحفظ قرآن مارچ کیا، جس کی قیادت حافظ سعد رضوی نے کی۔

لاہور چیمبر میں بین المذاہب کانفرنس میں مختلف مذاہب کے پیروکاروں نے سوئیڈن میں ناپاک جسارت کی کھل کر مذمت کی۔

قومی خبریں سے مزید