• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا: پی ڈی ایم اے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بتایا ہے کہ بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی دریائے راوی میں چھوڑا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت نے 1 لاکھ 73 ہزار کیوسک پانی چھوڑا تھا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دریائے راوی سے منسلک اضلاع کی انتظامیہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے۔

بھارت نے پانی اُجھ بیراج سے چھوڑا ہے: این ڈی ایم اے

اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  کا کہنا ہے کہ انڈس واٹر کمیشن کے مطابق بھارت نے تقریباً 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی اُجھ بیراج سے چھوڑا ہے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ بھارت کے چھوڑے گئے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60 ہزار کیوسک جسڑ تک پہنچا تھا، پانی کی آمد کی وجہ سے دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا تھا، تقریباً 65 ہزار کیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جسڑ کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے، متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں کی مانیٹرنگ کر رہی ہے، دریائے چناب پر مرالہ ہیڈورکس اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر مانیٹرنگ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کا کہنا ہے کہ دریائے راوی میں بھارت سے آنے والا ریلہ آج شام جسڑ پہنچے گا، جسڑ کے مقام پر ڈھائی لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر سکتا ہے، دریائے راوی اور معاون برساتی نالوں پر 9 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافہ، ریلیف کیمپ قائم

دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے، دریائے راوی اور چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے، حافظ آباد اور نارووال میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی، دریاؤں اور نالوں کے کنارے مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں، دریائے ستلج اور منسلک نالوں بھمبر، دیگ، پالکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

دریائے چناب میں سیلاب کے خدشہ

ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں سیلاب کے خدشے کی وجہ سے کوٹ غلام کے نزدیک 2 ریلیف کیمپس بنا دیے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ کوٹ غلام سے کوٹ نکا تک علاقہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے، انتظامی افسران نے موقع پر دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا، ہیڈمرالہ پر اپ اسٹریم میں 1 لاکھ 39 ہزار 492 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے۔

صفدر حسین کا کہنا ہے کہ ہیڈمرالہ پر ڈاؤن اسٹریم میں1 لاکھ 18ہزار 692 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے، ہیڈ خانکی پر اپ اسٹریم میں 54404 کیوسک پانی جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں 47300 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ہیڈ قادر آباد پر اپ اسٹریم میں 49801 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم میں27801 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے، منگلا پر اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم پر 10000 کیوسک پانی گزر رہا ہے، تمام مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

صفدر حسین کا کہنا ہے کہ گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، پانی کے بہاؤ کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے متحرک ہیں۔

دریائے ستلج میں پانی کی صورتِحال نارمل ہے: محکمۂ آبپاشی

محکمۂ آبپاشی نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کی صورت حال نارمل ہے، اسلام ہیڈورکس پر پانی کی آمد 3319 کیوسک اور اخراج 2335 کیوسک ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو خبردار کیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید