آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم کی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شدید مذمت کی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے یومِ سیاہ کے لیے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دو ٹوک پیغام ہے کہ ان کی ہر سازش کچل دیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور فوج کےخلاف مذموم شر انگیز مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سر گرمِ عمل ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ شہداء کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرونِ ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادیٔ اظہار کے زمرے میں نہیں آتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ میڈیا مہم سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے، قوم اس گھناؤنی سازش کو 9 مئی کی خانہ جنگی کی سازش کی طرح ناکام بنائے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔