• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی وزٹ ویزے پر کراچی سے کینیڈا جاتے ہوئے مسافر گرفتار

تصاویر بشکریہ FIA
تصاویر بشکریہ FIA

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی وزٹ ویزے پر کینیڈا جانے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کی نشاندہی پر جعلی ویزا لگانے والے 2 ایجنٹ بھی پکڑے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے جعلی وزٹ ویزے پر کینیڈا جانے والے مسافر کو آف لوڈ کیا اور پوچھ گچھ کے دوران مسافر کی نشاندہی پر ایئر پورٹ سے مذکورہ ایجنٹوں کو بھی گرفتار کر لیا۔

مسافر فلائٹ نمبر پی کے 783 سے کینیڈا جا رہا تھا، جس کے پاکستانی پاسپورٹ پر کینیڈا کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے مذکورہ ویزا ایجنٹ سے حاصل کیا، اس نے ایجنٹ کو 20 لاکھ روپے آن لائن ٹرانسفر کیے۔

مسافر کی نشاندہی پر ایجنٹ فیاض حسین اور سالک شریف کو بھی ایئر پورٹ کی پارکنگ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن علی مراد کی جانب سے بر وقت کارروائی پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید