اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اٹلی اور سپین اور قطر جانیوالے تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا جبکہ ہنڈی حوالہ اور لوگوں کو کینیڈا بیجنے کا جھانسہ دیکر معصوم شہریوں کو لوٹنے والے بھی گرفتار کر لیے گئے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر خرم سلیم نامی مسافر نے غلام مرتضی کے پاسپورٹ پر اٹلی جانے کی کوشش کی۔ مسافر کی جانب سے استعمال کئے جانیوالے پاسپورٹ پر اٹلی کا جعلی ویزا اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔ دوسری کارروائی میں سعد سعید نامی مسافر نے ناظم سعید کے پاسپورٹ پر اسپین جانے کی کوشش کی۔ اس کے پاسپورٹ پر اسپین کا جعلی ویزا اور متعدد جعلی امیگریشن اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔دونوں مسافروں کو مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ملزم سجاداحمد کو پشاور اشرف روڈ سے گرفتار کر ایک کروڑ روپے برآمد کر لئے گئے، ملزم سے ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں بھی برآمد کر لی گئی۔ ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمے درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والا سمگلر گرفتار کرلیا ہے ،ملزم محمد آصف خان نے خود کو غیر ملکی سفارت خانے کا افسر ظاہر کرکے متعدد شہریوں سے کینیڈا امیگریشن کے نام پر پیسے بٹورے۔ملزم کو خفیہ اطلاع پر اسلام آباد کے علاقے جی تیرہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 5اور گھر کی تلاشی کے دوران 12پاسپورٹس، جعلی کینیڈین اور ترکش ورک ویزے برآمد کر لئے گئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔