عید کے روز لاہور سے سیالکوٹ جانے والی گاڑی کے حادثے میں شدید زخمی ہونے والی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی ایئرہوسٹس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔
پی آئی اے کی ایئرہوسٹس راشدہ مجید لاہور سے سیالکوٹ جاتے وقت ایئر لائن کی گاڑی کو حادثے میں شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
ایئر ہوسٹس راشدہ مجید کو عید کی رات سیالکوٹ موٹر حادثہ کے بعد لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ایئر ہوسٹس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی ہیں۔
پی آئی اے کی یونین پیپلز یونٹی نے حادثے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لانے پر شدید احتجاج کیا۔
سیکریٹری جنرل سی بی اے لاہور رانا کاشف نے کہا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت کے باعث ایئرلائن کی گاڑیاں آئے روز حادثے کا شکار ہوتی ہیں۔
سیکریٹری جنرل سی بی اے لاہور رانا کاشف کا کہنا تھا کہ سی بی اے نے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر احتجاج کی کال بھی دے دی ہے۔