وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جھوٹ اور فریب کی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ تشدد اور انتشار کےلیے کھلی چھوٹ دینے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014ء میں قانون شکنوں کو کھلی چھٹی نہ دی جاتی تو 9 مئی کا واقعہ کبھی پیش نہ آتا، تشدد، انتشار اور عدم استحکام کے ہر ایجنڈے کی سختی سے بیخ کنی ہونی چاہیے۔
سید خورشید شاہ نے مزید کہا کہ جھوٹ اور فریب کی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی، حقیقی سیاسی جماعت کا ایجنڈا ملکی سالمیت، عوام کی ترقی اور خوشحالی ہوتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت کے پاس عوام کی ترقی اور خوشحالی کا کوئی ایجنڈا نہیں تھا، جس سیاست سے فتنہ اور فساد پھیلے وہ سیاست نہیں ہے۔
وفاقی وزیر آبی وسائل نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت میں بات چیت سے مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، موجودہ سیاسی اور معاشی مسائل کا حل بھی مذاکرات اور بات چیت سے نکلے گا۔