• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں یکساں نظام تعلیم پر عمل جاری ہے،پہلی سے تیسری کلاس تک انگریزی میں پڑھایا جارہا ہے، پرویز خٹک

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبہ میں نظام تعلیم کو تبدیل کرنے کا وعدہ کیاتھا جس کے تحت تین سالوں کے دوران پہلی سے تیسری کلاس تک میں انگریزی پڑھائے جانے کا سلسلہ جاری ہے جو بتدریج اوپر کی کلاسوں تک جائے گا تاہم اگر کسی کے پاس کوئی مزید اچھی تجاویز ہیں تو حکومت انھیں قبول کرنے کیلئے تیار ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ  صوبائی حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن کی اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا ہے  اور کبھی بھی یہ نہیں کہا کہ ہم اپوزیشن کی اچھی تجاویز کو مسترد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ غریب اور امیر کے بچے ایک ہی جیسے نظام تعلیم میں رہیں جس کے لیے ہم نے پہلی کلاس سے انگریزی پڑھانے کا سلسلہ شروع کیا اور یہ سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے جہاں تک بات رہی یکساں نصاب تسلیم کی تو اس کے حوالے سے بھی کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سرکاری سکولوں میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئےوسائل کی فراہمی کررہے ہیں ۔صوبائی وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم عاطف خان نے کہا کہ نصاب تعلیم تو ایک ہی نافذ ہے جو2006ء میں تیار کیاگیاتھاجبکہ ہم پوری طرح کوشش کررہے ہیں کہ ہم نجی اور سرکاری سکولوں میں پڑھائے جانے والے نصاب میں موجود تضاد کا خاتمہ کرتے ہوئے اسے یکساں کردیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کلاس پنجم سے طلباء وطالبات کی قابلیت کے جائزہ کا نظام شروع کیاہے جس کے تحت پنجم کے بعد تمام کلاسوں میں یکساں کتب ہی پڑھائی جائیں گی ۔ 
تازہ ترین