پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے کہ بھارت نے فیروز پور سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بھارت نے فیروز پور کے مقام سے 73 ہزار 418 کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت سے چھوڑا گیا پانی کچھ گھنٹوں میں گنڈا سنگھ قصور سے پاکستان میں داخل ہو گا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے ہدایت کی ہے اس صورتِ حال کے حوالے سے ایمرجنسی کنٹرول روم میں اسٹاف کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے۔
اس سے قبل بھارت نے ہریکے کے مقام سے 95 ہزار 27 کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا تھا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم میں اسٹاف کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے، تمام متعلقہ محکمے تازہ ترین صورتِ حال سے اتھارٹیز کو آگاہ رکھیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم کو ہائی الرٹ رکھا جائے، ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں میں شہریوں کو ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے آگاہ کیا جائے، میڈیکل کیمپس میں ادویات کی دستیابی کو وافر مقدار میں یقینی بنایا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جانوروں کے لیے مناسب جگہ اور خوراک کا بندوبست بھی کیا جائے۔