لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق کی برطرفی کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔
جسٹس محمد رضا قریشی نے احمد شہزاد فاروق کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پی سی بی قانون کے تحت چیف الیکشن کمشنر کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا۔
وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ پی سی بی آئین کے تحت چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر پی سی بی کو کسی وقت بھی فارغ کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ درخواست گزار نے چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کے اقدام کو چیلنج کر رکھا ہے۔
مذکورہ درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت عالیہ نے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور دیگر فریقین کو 20 جولائی کےلیے نوٹس جاری کردیے۔
جسٹس محمد رضا قریشی نے کیس مزید سماعت کےلیے جسٹس شاہد کریم کی عدالت بھجوادیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اسی نوعیت کی درخواست جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں زیر سماعت ہے، مناسب ہے وہی یہ کیس سنیں۔