کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سٹی کونسل میں موجود تمام جماعتوں کے ساتھ مل جل کر کام کرنا چاہتے ہیں، شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر جماعت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں، ترقیاتی منصوبوں کے لیے مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں سے مشاورت ہوگی اور باہمی رضا مندی سے ترقیاتی منصوبے بنائے جائیں گے، وہ بدھ کو یہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں ن لیگ کے یوسی چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، ن لیگ کے یوسی چیئرمینز نے میئر کو سٹی کونسل کے 17 جولائی کو ہونے والے افتتاحی اجلاس میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی،علاوہ ازیں پریس کلب کا دورے میں کلب کے عہدے داروں اور اراکین سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ 75 سال کے مسائل 75 دن میں حل نہیں ہوسکتے، جو ادارے میرے پاس ہیں ان میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، کراچی پریس کلب سے گہرا تعلق ہے، کراچی پریس کلب کو گرانٹ دینے کی روایت برقرار رکھی جائے گی اور اس میں اضافہ بھی کریں گے، صحافیوں سے پورے شہر میں پارکنگ فیس نہیں لی جائے گی، میں اس فیس کو صحافیوں کے لئے ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، صحافی مسائل کی نشاندہی کریں، ہم انہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔