کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ قومیں تعلیم سے ترقی کا سفر طے کرتی ہیں لیکن سندھ میں پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی کے باعث تعلیم کی تباہی کا سفر جاری ہے،ہم نے ایک سال میں ٹائون کے تحت 33 اسکولوں کو بحال کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر بستی میں گلشن اقبال ٹاؤن کے تحت اسکولوں کے طلبہ میں مفت یونیفارم اور شوز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب سے گلشن اقبال ٹاون کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے بھی خطاب کیا،طلبہ و طالبات نے قومی و ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے،منعم ظفر نے کہا کہ گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ ان کی ایک سال کی انتھک محنت کے نتیجے میں اسکولوں کو تزئین و آرائش کرکے اس قابل بنادیا گیا، یہاں بچوں کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔