• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، شہباز شریف و آصف زرداری کا دو ٹوک موقف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق صدر اور حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ون آن ون ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی، جس میں عام انتخابات اور نگراں سیٹ اپ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں الیکشن بروقت کروانے پر اتفاق کرتے ہوئے دو ٹوک موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف کی موجودہ اسمبلی کی مدت کے خاتمے پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔

ملاقات کے دوران آصف زرداری نے موجودہ اسمبلیوں کی مدت اگست کے دوسرے ہفتے میں ختم کرنے کی تجویز دی، جس پر شہباز شریف نے دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کروائی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ نگراں وزیراعظم سابق بیوروکریٹ کے بجائے کسی سیاست دان کو بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف زرداری نے وزیراعظم کے آئی ایم ایف سے ڈیل کےلیے کلیدی کردار کو سراہا اور ڈیل پر مبارکباد بھی دی، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر اپنے دورہ لاہور کے دوران استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے اُن کے بھائی کی وفات پر تعزیت بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے لاہور قیام کے دوران پی ٹی آئی چھوڑنے والے دھڑوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا بھی امکان سامنے آیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید