کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے صنعتی و تجارتی عمارتوں، مارکیٹوں ، بلند عمارتوں، شاپنگ مالز ، ہوٹل مالکان اور منتظمین سے کہا ہے کہ وہ اپنے اداروں میں فائر سیفٹی کے تمام قانونی تقاضے پورے کریں، آگ سے بچائوکے ضروری آلات کی دستیابی اور موثرانتظامات یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنرز صنعتی اداروں اور بلند تجارتی عمارتوں میں سیفٹی قوانین سختی سے نافذ کریں، سول ڈیفنس افسران کو فعال کریں اور اپنے اپنے ضلع میں قائم صنعتی و تجارتی عمارتوں، شاپنگ مالز اور ہوٹلز کو پابند کریں کہ وہ فائر سیفٹی کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔ وہ ہفتے کو یہاں ایک سماجی تنظیم کے تحت مقامی ہوٹل میں فائر سیفٹی تربیتی پروگرام کی تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے۔ تربیتی سیشن میں کراچی کے تمام اضلاع کے پولیس افسران نے بھی حصہ لیا۔ کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز شہر میں قائم تجارتی و صنعتی اداروں میں دستیاب سیفٹی انتظامات کے بارے میں سروے ترجیحی بنیاد پر جلد مکمل کریں۔ شہر میں آگ پر قابو پانے کے حوالے سے فائر فائٹر ز کی خدمات قابل قدر ہیں ۔ کمشنر نے بعد ازاں تربیت پانے والے پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں اور ہوٹلز کے عملےکو انعامات دیئے۔