بریڈ فورڈ( محمد رجاسب مغل) بریڈ فورڈ پیپلزپارٹی کی جانب سے بینظیر بھٹو شہید کی 63ویں سالگرہ کی تقریب آصف نسیم راٹھور کی زیر صدارت ہوئی جس میں گذشتہ ہفتے قتل ہونے والی لیبر پارٹی کی ممبرپارلیمنٹ جوکوکس کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ تقریب میں بریڈ فورڈ ویسٹ کی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ کے علاوہ کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔حاجی چوہدری کرامت حسین کی تلاوت سے شروع ہونے والی تقریب میں جوکوکس کی موت پر اظہارافسوس کے لئے 2منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔ اس موقع پر ممبرپارلیمنٹ ناز شاہ، آصف نسیم راٹھور، مشیر حکومت زاہد مغل، صدارتی مشیر راجہ شیراز اختر، مشیر حکومت آزاد کشمیر، سردار عبدالرحمٰن خان چوہدری الطاف حسین پوٹھی، چوہدری صغیر پوٹھی، مشیر حکومت چوہدری حق نواز، خواجہ وحید، ظفرتنویر ،راجہ نجابت حسین، طیب کمال پاشا، چوہدری محمد بشیر اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے بینظیر بھٹو شہید اورجوکوکس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ایسے وقت میں اکٹھے ہوکر ان دو عظیم شخصیات کی قربانیوں کا اعتراف کررہے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں عوام کی خدمت کرتے ہوئے دی ہیں، بینظیر بھٹو کو لاکھوں لوگوں کے درمیان شہید کردیا گیا جب وہ جمہوریت کی بحالی، ملک کے روشن مستقبل کی خاطر انتہا پسندوں کی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بہادری کے ساتھ عوام کے ساتھ کھڑی تھیں اور اپنی جان دی جبکہ لیبر پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ جو کوکس کو بھی عوامی خدمات کے دوران قتل کردیا گیا ،مقررین نے کہا کہ یہ عجیب اتفاق ہے آج ہم ایسےوقت میں اکٹھے ہوکر ان کی قربانیوں کا ذکر کررہے ہیں جنہوں نے تعصبات کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا تھا۔ آج ان مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم دنیا کے تمام تر تعصبات کے خلاف متحد ہوکر ریفرنڈم میں نفرت کی سوچ رکھنے والوں کو اپنے ووٹ سے شکست دیں۔مقررین نے کہا کہ بینظیربھٹو شہید کی خدمات کو سنہرے حروف سے لکھا جائے گا آج ملک میں عوام ، آئین اورجمہوریت کی حکمرانی بلاشبہ بھٹو خاندان کی قربانیوں کا ثمرہے، بینظیر بھٹو شہید نے ملکی سیاسی تاریخ میں جمہوری جدوجہد کی ایسی مثال قائم کی کہ آج پوری دنیا اس کا ذکر فخر سے کرتی ہے۔ اس موقع پر بینظیر بھٹو کی 63ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں سابق لارڈ میئر محمدعجیب ،کونسلر محمد عمران، کونسلرمحمد شبیر، کونسلر نصرت محمد، غلام فرید عوامی، محمد شفیق، ملک بشیر، اسحاق ،خواجہ پرویز، پرویز ڈار، محمد رمضان ، نوید بٹ، مظہر بٹ، ماسٹر محمد شبیر،عنصر مغل، اے ڈی انجم، آصف جدون اورکمیونٹی کے دیگرزعما نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں بینظیر بھٹو شہید اوردیگر بھٹو خاندان کے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی برطانیہ کے بانی ایف ڈی فاروقی اورعنایت شاہ بخاری کی وفات پر اظہار افسوس کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے لئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔