جرمنی کا کہنا ہے کہ 2025 تک اس کا فوجی ڈویژن، نیٹو کا سب سے بہترین ہتھیار اور سازوسامان رکھنے والا ڈویژن ہوگا۔
جرمنی کے آرمی چیف الفونز مائیس نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد یورپی ممالک اپنے فوجی دستوں کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر رہے ہیں۔
اس وقت نیٹو میں جرمنی کا ایک بھی کامبیٹ ڈویژن نہیں ہے، کامبیٹ ڈویژن وہ فوجی یونٹ ہوتا ہے جس میں 20 ہزار سے زائد اہلکار ہوتے ہیں۔
برلن کا کہنا ہے کہ 2025 میں پہلا جبکہ 2027 میں دوسرا کامبیٹ ڈویژن تیار ہوجائے گا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جرمنی نیٹو کو دو میکنائزڈ بریگیڈز فراہم کرے گا، پہلے ہلکے ہتھیاروں سے مسلح اہلکاروں کی ہوگی جبکہ بعد ازاں درمیانے درجے کے ہتھیاروں والی بریگیڈ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کافی ہوگا، ہم نیٹو اتحادیوں کو 2025 تک سب سے بہترین ہتھیاروں اور سازوسامان سے لیس ڈویژن فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ فوجی ڈویژن بری فوج کا وہ حصہ ہوتا ہے جو زمینی جنگ کی صورت میں حملے اور دفاعی مقاصد کیلئے کام کرتا ہے۔