• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ 14 برس سے لاعلاج بیماری میں مبتلا ہوں ، آغا علی

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

پاکستانی معروف اداکار آغا علی نے 14 برسوں سے لا علاج بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

آغا علی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک مشہور نام ہیں جن کی اہلیہ، حنا الطاف بھی اداکارہ و میزبان ہیں،  سوشل میڈیا پر اس جوڑی کے لاکھوں کی تعداد میں مداح ہیں۔

ورسٹائل اداکار آغا علی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران خود کو لا حق، لاعلاج بیماری سے متعلق انکشاف کیا تھا۔

آغا علی کا انٹرویو کے دوران اپنی بیماری سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 14 برسوں سے چنبل (psoriasis) نامی جِلدی بیماری کا شکار ہیں اور اُنہیں یہ بیماری کیریئر کے آغاز میں لگی تھی۔

اُن کا بتانا تھا کہ اس بیماری نے اُن پر طاقتور حملہ کیا تھا، آغاز ہی میں اُن کے جسم پر سیکڑوں کی تعداد میں زخم بن گئے تھے۔

آغا علی کا اپنی اس بیماری سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چنبل کو ادویات کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے لیکن دنیا میں ابھی تک اس کا مکمل طور پر علاج سامنے نہیں آیا ہے۔

آغا علی نے اپنے ہاتھ کی طرف اشارے کرتے ہوئے بتایا کہ چنبل سے ہاتھ، پیروں اور منہ پر سرخ دھبے پڑ جاتے ہیں اور یہ دھبے کبھی کبھار تعداد میں بہت زیادہ ہوجاتے ہیں اور کبھی اِن کی شدت میں کمی آ جاتی ہے۔

آغا علی کا اپنی بیماری چنبل کے وقتی علاج سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ وہ ذہنی تناؤ سے دور رہیں، جِلد کو صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کریں اور پانی زیادہ سے زیادہ پیئیں، نیند پوری کریں، ورزش کریں اور پریشان نہ ہوں۔

آغا علی کا بتانا تھا کہ انہیں اس بیماری کے ساتھ رہتے ہوئے 14 سال ہوگئے ہیں، اس بیماری کے ہوتے ہوئے بھی اللّٰہ نے ہمت دی ہے کہ آج میں سب کے سامنے بیٹھا ہوں۔

چنبل بیماری ہے کیا ؟

چنبل ایک جِلدی بیماری ہے جس میں جسم پر سوزش سے دانے بنتے رہتے ہیں، یہ مدافعتی نظام کی غیر فعالی اور جسم کی سوزش پر مشتمل ہوتی ہے، اس بیماری میں مبتلا افراد کو جلد میں خارش ہونے سے سرخ رنگ کے دھبے پڑ جاتے ہیں جن کو کھجانے سے انتہائی اذیت ناک صورتحال اختیار کر جاتی ہے۔

چنبل عام طور پر گھٹنوں، کہنیوں اور سر کی جِلد پر خارش پیدا کرتی ہے، یہ ایک عام، طویل مدتی (دائمی) بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید