بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر چھری سے حملے سے قبل کی نئی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
بھارتی اداکار سیف علی خان کو ممبئی کے پوش علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کی 12ویں منزل پر ان کے فلیٹ میں چاقو کے وار سے گزشتہ روز زخمی کیا گیا۔
بھارتی میڈیا پر سامنے آنیوالی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو سیف علی خان کے گھر کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں ملزم خاموشی سے آگے بڑھتے ہوئے نظر آرہا ہے جس نے کندھے پر بیگ لٹکایا ہوا ہے اور کپڑے سے چہرہ بھی ڈھانپ رکھا ہے۔
ایک اور ویڈیو جس میں عمارت کی چھٹی منزل دکھائی گئی ہے، پر حملہ آور کو واقعے کے بعد سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد اس کا کچھ پتا نہیں چلا، یہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملزم اسی راستے سے فرار ہوا، جس راستے سے آیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لابی کے علاقے میں حملہ آور کا کوئی نشان نہیں مل سکا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ عمارت میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کےلیے مرکزی دروازے کا استعمال نہیں کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس نے ایک قریبی عمارت کی دیوار پر چڑھ کر کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کا راستہ اختیار کیا۔ سیف علی خان کا گھر اس عمارت کی چار منزلوں پر پھیلا ہوا ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ حملہ آور نے فرار ہوتے وقت کپڑے بدل لیے ہوں گے تاکہ وہ پکڑا نہ جائے۔