امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لیے عطیہ دینے کا اعلان کر دیا۔
ٹیلر سوئفٹ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ نے بہت سے خاندانوں کو تباہ کر دیا ہے اور ان کی منظر عام پر آنے والی کہانیاں دل دہلا دینے والی ہیں، سب ہی کی کہانیوں میں بہت زیادہ تکلیف، نقصان اور تباہی ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ چونکہ بہت سارے لوگ اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت سے گزر رہے ہیں ایسی صورتحال میں بہت ساری حیرت انگیز تنظیمیں اور گروپس لوگوں کی مدد کرنے کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں۔
اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری پر کچھ خیراتی اداروں کی ایک فہرست شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ یہ ان خیراتی اداروں کی فہرست ہے جنہیں میں نے اپنے عطیات دیے اگر آپ لوگوں میں سے کوئی اپنے عطیات دینا چاہتا ہے اور عطیہ دینے کے قابل ہے تو براہ کرم ضرور دے۔
ٹیلر سوئفٹ سے پہلے لیونارڈو ڈی کیپریو، پیرس ہلٹن، جیمی لی کرٹس اور ایوا لونگوریا بھی متاثرین کے لیے عطیات دے چکے ہیں۔