بالی ووڈ کے اسٹار اداکار سیف علی خان کو ان کا کونسا بیٹا اسپتال لے کر گیا؟ ابراہیم علی خان یا تیمور علی خان، تفصیل سامنے آگئی۔
جمعرات کو رات گئے حملے میں زخمی ہونے والے سیف علی خان آٹو رکشے سے اسپتال پہنچے تھے لیکن اُن کے ساتھ اُن کے بیٹوں میں سے کون تھا؟ یہ واضح نہیں ہو پارہا تھا۔
بھارتی میڈیا پر چلنے والی ابتدائی خبروں میں کہا جارہا تھا کہ سیف علی خان کے ساتھ اسپتال پہنچنے والے اُن کے بڑے بیٹے ابراہیم علی خان تھے۔
ڈاکٹروں نے پریس بریفنگ میں سیف علی خان کے اسپتال پہنچنے اور اُن کے علاج کی پیچیدگیوں اور طویل آپریشن سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی۔
سیف علی خان اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ اس سوال کے جواب کی تلاش جاری ہے کہ اداکار کو آٹو رکشے کے ذریعے اسپتال کون لایا تھا؟
ممبئی کے لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹروں نے کہا کہ سیف علی خان کو اُن کے بڑے صاحبزادے ابراہیم علی خان اسپتال نہیں لائے تھے بلکہ اُن کے 8 سالہ بیٹے تیمور علی خان رکشے سے اترے تھے۔
ڈاکٹر نے کہا کہ سیف علی خان کے اسپتال پہنچنے پر سب سے پہلے میں اُن سے ملا تھا، وہ خون میں تر تھے اور 8 سالہ تیمور کے ساتھ شیر کی طرح چلتے ہوئے اندر داخل ہوئے، وہ زندگی کے حقیقی ہیرو لگے۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ آپ پر گھر پر چاقو سے حملہ ہوا ہو، 6 سے زائد وار کو لگے ہوں، ایسے وقت میں آپ خود کو اسپتال تک لے آئیں یہی وہ پیرامیٹر ہے جو ثابت کرتا ہے کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ہیرو ہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کے لیے رکشہ ایک خاتون نے روکا، اُس وقت ابراہیم اُن کے ساتھ نہیں تھا، وہ اپنے والد کے گھر سے تھوڑے ہی فاصلے پر قیام پذیر ہے۔