بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اروشی روٹیلا نے سیف علی خان پر ہونے والے حملے سے متعلق سوال پر اپنی قیمتی گھڑی کی تعریف کرنا شروع کردیں، جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی اداکار سیف علی خان کو ممبئی کے پوش علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کی 12ویں منزل پر ان کے فلیٹ میں چاقو کے وار سے گزشتہ روز زخمی کیا گیا، جس کے بعد بالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
ایسے میں بالی ووڈ کی اداکارہ اروشی روٹیلا کو سیف علی خان پر حملے سے متعلق بات کرنا مہنگا پڑگیا، ان کے بیان کو سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اپنے انٹرویو میں اروشی روٹیلا نے سیف علی خان پر حملے کی مذمت کرنے کے بجائے اپنی قیمتی گھڑی اور انگوٹھیوں کی تعریفیں شروع کردیں۔
اداکارہ نے سیف علی خان کیلئے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی نئی فلم "ڈاکو مہاراج" کی کامیابی اور قیمتی تحائف کا ذکر کیا، جس پر صارفین کی جانب سے انہیں خود پسند قرار دیا جارہا ہے۔
ایک انٹرویو میں اروشی سے اس واقعے پر ردعمل پوچھا گیا تو انہوں نے سیف کےلیے افسوس کا اظہار کیا، لیکن فوراً ہی اپنی فلم "ڈاکو مہاراج" کے 105 کروڑ کا بزنس کرنے اور اپنی ڈائمنڈ رولیکس اور منی واچ جیسے تحائف کا ذکر کر دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ واقعی افسوسناک واقعہ ہے۔ ڈاکو مہاراج نے 105 کروڑ عبور کر لیے ہیں اور میری ماں نے مجھے یہ ڈائمنڈ رولیکس دی ہے، جبکہ میرے والد نے یہ انگلی کی منی واچ دی ہے۔ لیکن ہم اسے باہر پہننے میں محفوظ محسوس نہیں کرتے۔ آج کل کے حالات میں یہ غیر محفوظ لگتا ہے۔ جو ہوا وہ واقعی افسوسناک ہے۔
اس دوران رپورٹر نے ان سے سیف علی خان پر ہونے والے حملے اور ان کی فیملی سے متعلق خیالات جاننے کیلئے سوالات کیے تو انہوں نے کہا کہ جی ان کے ساتھ جو واقعہ ہوا ہے میں اس کی مذمت کرتی ہوں اور میری دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ 16 جنوری کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع سیف علی خان کےگھر پر چوری کی کوشش کے دوران اداکار پر چاقو سے 6 بار حملہ کیا گیا۔ جس کے بعد انہیں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی کامیاب سرجری کرلی گئی ہے۔