• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نےگال ٹیسٹ میں سری لنکا کو ہرا دیا

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 131 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 50 اور آغا سلمان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم 24، سعود شکیل 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سرفراز احمد صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

عبداللّٰہ شفیق 8، شان مسعود 7 اور نعمان علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 

سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جےسوریا نے 4 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی۔

مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو ٹیسٹ میچ میں شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اوپنر امام الحق نے 25 اور کپتان بابر اعظم نے 6 رنز کے ساتھ پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

پاکستان نے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف

دوسری اننگز میں سری لنکا کی ٹیم 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کو جیت کےلیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 82 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے لیے قابلِ ذکر برتری حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ابرار احمد نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو وکٹیں لیں۔

پاکستان کی پہلی اننگز

پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے 208 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کو ہوم ٹیم پر 149 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 وکٹیں حاصل کیں، پراباتھ جےسوریا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کسون رجیتھا اور وشوا فرنینڈو نے ایک ایک بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سری لنکا کی پہلی اننگز

واضح رہے کہ ابتدا میں جلد وکٹیں گنوانے کے باوجود سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں بورڈ پر 312 کا ٹوٹل سجایا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 122 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

سری لنکا کے اینجلو میتھیوز نے 64 اور سدیرا سماراوکرما نے 36 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جیت میں تمام کھلاڑیوں کا کردار ہے، بابر اعظم

گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف پانچویں دن جیت پر بابر اعظم نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جیت میں تمام کھلاڑیوں کا کردار ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ سعود شکیل اور سلمان آغا نے شاندار بیٹنگ کی، بطور کپتان میں کھلاڑیوں اور ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید