کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ جماعت اسلامی کی دعوت کو پہنچانے، رائے عامہ کو ساتھ ملانے اور آئندہ عام انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، کراچی میں جماعت اسلامی کے لیے سیاسی فضا انتہائی سازگار ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے عوام کی ترجمانی کی ، یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی کو عوام کی حمایت حاصل ہے،وہ جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت اختر کالونی جامع مسجد بیت المکرم میں دوروزہ تربیت گاہ برائے ذمہ داران و کارکنان سے خطاب کررہے تھے ،تربیت گاہ سے قائم مقام امیر ضلع جنوبی علی حسین، نائب امیر ضلع جنوبی سید جواد شعیب نے سوشل میڈیا کی اہمیت اور تحریکی کارکن کی ذمے داری،زبیر منصوری نے ”کارکنوں کے باہمی تعلقات“،سید راشد علی ترمذی نے ”کتابچہ ہدایات“،ڈاکٹر زاہد آرائیں نے ”تعارف سے رکنیت تک“ کے موضوعات پر خطاب کیا،حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ رائے عامہ کی ہمواری، سیاسی امور کے لیے اجتماعی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔