پشاور(سٹاف رپورٹر)’’ وزیر اعلیٰ بنا تو مجھ میں بھی تحمل اور برداشت کی بہت کمی تھی ، ہر بات پر غصہ آتالیکن وقت اور اپوزیشن کے مشوروں سے خود میں صبر و تحمل اور برداشت کا مادہ پیدا کیا، ہمارے اراکین پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں اسلئے ابھی اسمبلی کے آداب سیکھ رہے ہیں، حکومت سے زیادہ اپوزیشن کیساتھ زیادہ اچھے تعلقات اور اچھے دوست ہیں‘‘ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی اراکین کے مابین لڑائی کے واقعہ پر افسوس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ اراکین صوبائی اسمبلی کے مابین لڑائی کے خاتمہ اور راضی نامہ کیلئے کوششیں جاری ہیں، اسمبلی اجلاس سے قبل حکومتی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں برداشت کا مادہ پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور حکومتی اراکین کو تحمل کیساتھ اپوزیشن کی بھڑاس سننے اور برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کی ہدایت کی گئی ، انہوں نے کہاکہ ہمارے اکثر ممبران پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں اس لئے وہ ابھی اسمبلی کے آداب سکیھ رہے ہیں امید ہے آئندہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوگا، پرویز خٹک نے کہاکہ جب وہ نئے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تو وہ بھی ہر بات پر گرم اور جذباتی ہوجاتے لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے خود میں برداشت کا مادہ پیدا کیا، انہوں نے کہاکہ وہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن کے ممبران کو جانتے ہیں اوراپوزیشن کے ساتھ نہ صرف ان کے اچھے تعلقات ہیں بلکہ اپوزیشن میں ان کے زیادہ دوست ہیں۔