• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزدور طبقے کی مدد ہمیشہ سے شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا، شازیہ مری

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ مری نے کہا کہ مزدوروں اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی جانب مدد کا ہاتھ بڑھانا ہمیشہ سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب رہا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان بی آئی ایس پی ایمپلائز کوآرڈینیشن کمیٹی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

شازیہ مری نے کہا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ کے خواب کی تعبیر کے تحت ملک کے 90 لاکھ خاندانوں کی خدمت کرتا ہے اور ادارے کے ملازمین اس خدمت کو عبادت کے طور پر سر انجام دیتے ہیں۔ 

بی آئی ایس پی کے ملازمین کی نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے شازیہ مری نے  15 سالوں کے دوران، بنیادی فوائد کی عدم موجودگی میں بھی ان کی ثابت قدمی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملازمین نے اپنی انتھک کوششوں کے ذریعے ملک بھر میں 90 لاکھ خاندانوں کی کفالت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ماضی میں بی آئی ایس پی ملازمین کے جائز مطالبات کو نظر انداز کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ملازمین کی محنت کو نظر انداز کیا جاتا رہا، حالانکہ یہی ملازمین، سیلاب، آندھی، طوفان، گرمی ، سردی میں اپنے فرائض بخوبی نبھاتے رہے۔ 

 انہوں نے زور دے کر کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق گھرانوں کو نہ صر ف مالی معاونت فراہم کرتا ہے بلکہ ان گھرانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بھی بناتا ہے۔

وفاقی وزیر نے حاضرین کو بتایا کہ گریڈ 1 اور 2 کے ملازمین کی ٹائم اسکیل پروموشنز کے ساتھ عارضی ملازمین کو مستقل کر دیا گیا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ بورڈ کے حالیہ اجلاس میں کنٹریبیوٹری پروویڈنٹ فنڈ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ملازمین کی پروموشن کے دیرینہ مطالبات اب حقیقت بن چکے ہیں۔ گریڈ 16 اور 17 کا کوٹہ 100 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 1 سے 11 تک کا کوٹہ 20 فیصد تک بڑھایا گیا ہے۔

شازیہ مری نے گزشتہ سال کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی نمایاں کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے فخریہ طور پر اعلان کیا کہ بی آئی ایس پی نے گزشتہ سال کے دوران نہ صرف اپنے تمام اہداف کو پورا کیا بلکہ اس سے بھی زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بعد ازاں شازیہ مری نے عالمی بینک کے مشن کے ساتھ ایک اجلاس  کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ، مسائل کی نشاندہی کرنا اور بہتری کے لیے تجاویز پیش کرنا تھا۔

اس موقع پر عالمی بینک کے مشن نے معاشرے کے پسماندہ طبقے کے لیے بی آئی ایس پی کے کردار اور سماجی تحفظ کے اقدامات کو سراہا۔ 

اجلاس میں امجد ظفر خان (سینئر سماجی تحفظ کے ماہر/ٹاسک ٹیم لیڈر)، میلس یو گوون (لیڈ اکانومسٹ/کو ٹاسک ٹیم لیڈر)، زینب مجوکہ (سوشل پروٹیکشن اکانومسٹ) اور عالمی بینک کے کنسلٹنٹ گل نجم جامی جبکہ بی آئی ایس پی کی جانب سے سیکرٹری عامر علی احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور اور مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید