ہزارہ ایکسپریس کے حادثے کو پانچ گھنٹے ہوگئے، ریلیف ٹرینیں اب تک نہیں پہنچ سکیں، ریلوے حکام کے مطابق دو ریلیف ٹرینیں روانہ کی گئی ہیں۔
روہڑی سے روانہ کردہ ریلیف ٹرین کو ساڑھے تین گھنٹے لگيں گے، کوٹری سے روانہ ٹرین کو 2 گھنٹے لگیں گے۔
حادثے کے باعث ریلوے کا کراچی سے پنجاب جانے والا ٹریک نوابشاہ تک معطل ہوگیا، نوابشاہ سے آگے ٹریک رواں دواں ہے، پنجاب سے کراچی آنے والے ٹریک پر ریلیف ٹرین کو راستہ دینے کیلئے، کراچی جانے والی ٹرینوں کو مختلف جگہوں پر روک لیا گیا، ديگر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔
ریلوے ٹریک کلیئر ہونے پر ہی ٹرین آپریشن بھی بحال ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں الٹ گئيں، جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مسافر ریل حادثے کے باعث ہنگامی طور پر نوابشاہ روانہ ہوگئے۔