ملتان(پ ر)نیب ملتان نےہاوسنگ سکیم فراڈ کیس میں13776607روپے ریکوری کے بعد متاثرین کوواپس کردئیے،نیب ملتان میں بریگیڈئیر ریٹائرڈ فاروق ناصر اعوان ستارہ امتیاز کی زیرصدارت تقریب میں 19 متاثرین میں رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے۔ڈائریکٹر کاظمی ایسوسی ایٹس اظہرحسین نےدیگرملزمان حسنین ذکی وغیرہ کیساتھ ملکرعلی گارڈن کے نام سے 2006 ءمیں ہاوسنگ سکیم کا اجراء کیالیکن پلاٹوں کی ملکیت منتقل کی اور نہ ہی کسی قسم کے ترقیاتی کام کروائے۔متاثرین نے اجتماعی طور پر نیب ملتان سے اپنی رقوم کی واپسی کیلئے رابطہ کیا۔ دوران تفشیش ملزمان نے بغیر زمین کی خریداری کے لوگوں سے ہائوسنگ سکیم کے نام پر رقوم لینے کا اعتراف کیا اور رضاکارانہ طور پررقم واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی ۔ اس بنا پر نیب کے قانون کے مطابق موجودہ ریٹ کے حساب سے ملزمان سےرقم واپس لی گئی۔ یاد رہے کہ متاثرین نے نیب ملتان میں 5516000 روپے کا کلیم داخل کیا تھا۔جبکہ موجودہ ریٹ کے حساب سے 13733749 روپے وصول کئے ہیں،جوکہ اصل رقم سےاڑھائی گنازیادہ ہے۔ اس موقع پرفاروق ناصر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب افسران لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں،انہوں نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فراڈ سے بچنے کیلئے اپنی محنت سے کمائی گئی رقوم صرف منظور شدہ ہاوسنگ سکیمز میں ہی لگائیں۔اس موقع پر انہوں نے انویسٹی گیشن آفیسر طاہر رسول اور کیس آفیسر مکرم عباس بیگ کی خدمات کو سراہا۔