کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پانی پر صرف شہریوں کا حق ہے جس پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے ، شہر بھر میں تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار اور کنکشن منقطع کیے جائیں، شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب سمیت درپیش دیگر تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز واٹر کارپوریشن میں فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل حل کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، نجمی عالم، کرم اللہ وقاصی، لالہ عبدالرحیم اور دیگر موجود تھے، اجلاس میں سہراب گوٹھ ٹاؤن سمیت شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل حل کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، میئر نے واٹر کارپوریشن حکام کو ہدایات دی کہ سہراب گوٹھ ٹاؤن سمیت شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔