کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف ٹڈاپ اسکینڈل سے متعلق 23مقدمات کی سماعت 21جولائی تک ملتوی کردی۔ ٹڈاپ اسکینڈل کے 23 مقدمات کی سماعت وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ہوئی۔ 23مقدمات میں نامزد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے وکلا کی جانب سے ان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ عدالت نے وکلا کی ہڑتال کے باعث مزید سماعت ملتوی کی۔ استغاثہ کے مطابق مقدمات میں یوسف رضا گیلانی سمیت 17ملزمان نامزد ہیں جن پر فریٹ سبسڈی کے نام پر قومی خزانے کو 7ارب روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔