• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس ایران کی مدد سے 6 ہزار ڈرون طیارے تیار کررہا ہے، امریکی اخبار کا دعویٰ

ایرانی ساختہ شاہد 136 ڈرون طیارے
ایرانی ساختہ شاہد 136 ڈرون طیارے

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ ہے کہ روس ایران کی مدد سے 6 ہزار ڈرون طیارے تیار کر رہا ہے۔

رپورٹ میں ایک خفیہ دستاویز کا حوالہ دیا گیا جس میں ڈرون ڈیولپمنٹ پلان کی تفصیلات تھیں۔

روس کے انجینئرز اعلیٰ معیار کے ڈرون تیار کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، پچھلے مہینے ہی روس نے ایران سے ڈرون خریدے تھے جنہیں یوکرین جنگ میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

روس میں 6 ہزار ڈرون طیاروں کی تیاری 2025 تک مکمل ہوجائے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوجاتا ہے تو اس سے روس کو اپنے ہتھیاروں کے کم ہوتے ذخیرے بچانے میں مدد ملے گی، یوکرین کے زیر تسلط علاقوں پر دوبارہ قبضے کا موقع ملے گا جبکہ ڈرون ہتھیاروں کی دوڑ میں ماسکو کی پوزیشن بہت آگے ہوجائے گی۔

روس کی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کے سابق اعلیٰ عہدیدار کو ڈرون تیاری کے منصوبے کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

صوبہ تاتارستان کی ایک فیکٹری میں ڈرون طیارے بنائے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کئی غیر ملکی انجینئر اور تکنیکی عملہ بھی اس پروگرام میں شامل ہے جن کے پاسپورٹ ضبط کرلیے گئے ہیں تاکہ وہ منصوبہ مکمل ہونے سے پہلے ملک سے باہر نہ جاسکیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید