کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ گٹر کے ڈھکنوں کے حوالے سے تقریب کراچی کیساتھ بھونڈا مذاق ہے،شہر قائد قبضہ میئر کی بچکانہ حرکتوں کا متحمل نہیں ہو سکتا،امیر جماعت اسلامی کا رد عمل ۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں رواں سال کھلے مین ہولز اور گٹر میں گر کر 68افراد کی اموات اور قبضہ میئر کی جانب سے گٹر کے ڈھکنوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس کے ساڑھے سات ماہ کے دوران کھلے مین ہولز اور گٹر میں گر کر 68قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع چند روز قبل رخصت ہونے والی سندھ حکومت اور اس کے ماتحت شہری انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی اور نا اہلی و ناقص کارکردگی کا نتیجہ ہے، قبضہ میئر کی جانب سے اس مجرمانہ غفلت اور نا اہلی کو چھپانے کے لیے گٹر کے ڈھکنوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب اہل کراچی کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے۔ شہر قائد قبضہ میئر کی بچکانہ حرکتوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ میئر کراچی عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے صرف سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے جھوٹ کا سہارا رہے ہیں، تقریب میں منتخب نمائندوں کو بلا تو لیا گیا لیکن مین ہولز کے ڈھکن نہیں دیے گئے۔ فوٹو سیشن اور میڈیا کو استعمال کر کے کراچی کے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی 15سال سے مسلسل سندھ میں برسر اقتدار ہے، شہری و بلدیاتی ادارے اور ان کے وسائل و اختیارات بھی اس کے قبضے میں ہیں۔ قبضہ میئر اس عہدے پر آنے سے قبل نہ صرف سندھ حکومت کے ترجمان و معاون خصوصی بلکہ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر بھی رہ چکے ہیں۔ کھلے مین ہولز اور گٹروں کا یہ مسئلہ ایک دو دن کا نہیں بلکہ پرانا مسئلہ ہے۔