سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری اپنی بیٹی ایمان مزاری کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد کچہری پہنچ گئیں۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا تھا کہ اتوار کو علی الصبح میری بیٹی ایمان مزاری کو خواتین پولیس اہلکار اور سادہ لباس اہلکار گھر سے لے گئے۔
شیری مزاری نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد گھر کا دروازہ توڑ کر اندر آئے۔
شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ ہم نے پوچھا کس لیے آئے ہیں، وہ ایمان کو گھسیٹ کر باہر لے گئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین پولیس اہلکار اور سادہ لباس اہلکار پورے گھر میں گھومتے رہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کو گرفتار کر لیا ہے۔
تھانہ ترنول پولیس ایمان مزاری کو ان کے گھر سے گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئی تھی۔