امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کو 50 سال ہوگئے لیکن ایک دن کےلیے بھی آئین نافذ نہیں ہوا، اگر آئین نافذ ہو جائے تو چند خاندانوں کے بجائے قانون کی حکومت قائم ہوگی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ، لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
امیر جماعت اسلامی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اسمبلی اور حکومت نے مدت پوری کی تو آئین کا تقاضا ہے کہ 90 روز میں الیکشن کا اعلان ہو۔
سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ نہ دے کر آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حلقہ بندیاں بھی ناگزیر ہیں لیکن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے سی سی آئی کا اجلاس بروقت کیوں نہ بلایا؟
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے الیکشن کو ملتوی یا مؤخر کرنے کی سازش کی۔
سراج الحق کے مطابق نگراں حکومت اچھل کود کے بجائے شفاف الیکشن کروائے۔