وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے جمعہ کے روز ایس آئی یو ٹی میں زیر علاج معروف سماجی شخصیت ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔
وفاقی وزیر خزانہ اور گورنر سندھ کی ایس آئی یو ٹی آمد پر ادارے کے سربراہ ڈاکٹر ادیب رضوی اور سینئر ڈاکٹرز نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سینیٹر نہال ہاشمی بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر خزانہ اور گورنر سندھ نے عبدالستار ایدھی سے ان کی خیریت دریافت کی اور دعا کی کہ ایدھی صاحب جلد از جلد صحتیاب ہو کر اپنے سماجی کام جاری رکھیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ عبدالستار ایدھی قیمتی سرمایہ ہیں، ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ رب کائنات عبدالستار ایدھی کو جلد از جلد صحت کامل عطا فرمائے۔