ورلڈکپ سے ڈیڑھ ماہ دوری پر ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں تبدیلی کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے چیئرمین پی سی بی مینجمٹ کمیٹی ذکا اشرف کے مستقبل پر فیصلے کےلیے وزیراعظم ہاؤس کو خط لکھ دیا ہے۔
ذکا اشرف کو جولائی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ان کو پی سی بی پیٹرن وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی خواہش پر پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں نامزد کیا تھا۔
تاہم ذکا اشرف عدالتی حکم امتناع کی وجہ سے چیئرمین منتخب نہیں ہوپائے تھے جس کے بعد مینجمنٹ کمیٹی بنا کر اس کا سربراہ ذکا اشرف کو مقرر کیا گیا تھا۔
پارلیمانی حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے سیاسی بنیادوں پر ہونیوالی تمام تقرریوں کو منسوخ کرنے کو کہا تھا جس پر وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ذکا اشرف سمیت دو ناموں پر وزیراعظم کے احکامات کےلیے خط لکھ دیا ہے۔
وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو لکھے گئے خط میں سیکریٹری آئی پی سی حنیف اورکزئی نے لکھا ہے کہ منسٹری کی زیر نگرانی ذکا اشرف اور فیڈرل لینڈ کمیشن کے چیئرمین پیر سید احمد نواز شاہ کے نام ہیں، ان کے مستقبل کے حوالے سے وزیر اعظم آفس مزید ہدایات دیں۔
خیال رہے کہ اگر ذکا اشرف کو بھی عہدے سے ہٹادیا جاتا ہے تو نیا آنے والا چیئرمین ایک سال سے کم وقت میں پی سی بی کا چوتھا چیئرمین ہوگا۔