• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیفی خلیل کی کہانی کی امریکا میں بھی دھوم، نئی تاریخ رقم کردی


پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار کیفی خلیل نے امریکا میں بھی اپنی دلکش دھنوں، منفرد انداز اور سوز بھری آواز کا جادو چلا کر ہر ایک کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔

کیفی خلیل نے امریکا کی مختلف ریاستوں میں کنسرٹس کے دوران براہ راست پرفارمنس دے کر مداحوں کی روحوں کو گرما دیا، انہیں یہ موقع امریکا میں مقیم پروموٹر ریحان صدیقی اور بزنس مین حسن شیخ کے تعاون سے حاصل ہوا۔

ہیوسٹن اور ڈیلس سمیت مختلف شہروں میں ہونے والے کنسرٹسز میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، ہر جگہ کیفی خلیل کے گانے ’کہانی سنو‘ کو حاضرین نے بھی جھوم جھوم کر گایا۔

اس طرح امریکہ میں بھی مداحوں کی جانب سے سحر انگیزی کی ایک تاریخ رقم کی گئی کہ کراچی، لیاری کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے، کیفی خلیل نے موسیقی کی صنعت میں اپنے چارٹ ٹاپنگ گانوں سے ایک انمٹ شناخت بنا ڈالی ہے۔

انہوں نے اپنے گٹار اور اپنی سوز سے بھرپور آواز کے ذریعے جہاں دلوں میں گھر کیا وہاں ان کی عاجزی اور انکساری کی جھلک امریکا بھر میں ہونے والے ان کے کنسرٹ میں نظر آئی۔

ان کے پروموٹر حسن شیخ کا کہنا ہے کہ میں انہیں جہاں بھی لیکر گیا وہاں ان کے نغمے عوام کے ہونٹوں سے بلاارادہ نکلتے دکھائے دیئے اور اس سحرزدہ ماحول کے وہ خود چشم دید گواہ ہیں۔

نیشنل پروموٹر ریحان صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں میوزک انڈسٹری میں حائل رکاوٹوں کے باوجود، کیفی خلیل نے اپنی جگہ بنائی وہ گلوکاری کے ساتھ ساتھ، موسیقار اور ہونہار نغمہ نگار بھی بنا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا امریکا میں بھی منوایا۔ موسیقی سے محبت کے اس شوق کو جس غیر متزلزل طریقے سے انہوں نے جاری رکھا اور جو کہانی انہوں نے سنائی وہ یہاں بیٹھے ہر شخص کی کہانی ہے اور اب یہ گھر گھر کی کہانی بن گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لیاری سے پاکستان اور پھر دنیا بھر میں ان کی آواز کو جس نے بھی سنا وہ ان کا گرویدہ ہوگیا اور اب انہیں امریکا بھر میں بھی وسیع پیمانے پر پذیرائی ملی ہے۔

گلوکار کیفی خلیل کا کہنا ہے کہ امریکا بھر میں انہیں جو عزت مداحوں نے دی، اس پر وہ ان کے شکرگذار ہیں انہوں نے نیشنل پروموٹر ریحان صدیقی اور حسن شیخ کا شکریہ بھی ادا کیا جن کی کاوشوں سے امریکا بھر میں ان کے کنسرٹ منعقد ہوئے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ان کے اپنے تجربات اور جذبات سے ان کے اندر چھپے ایک فنکار نے جنم لیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید