کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اولمپکس ایسوسی ایشن کے اختلافات ختم ہوگئے۔ دونوں اہم اسپورٹسی تنظیموں نے ایک دوسرے کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے قومی کھیل کی بہتری کیلیے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھرنے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے رواں سال ہونے والے انتخابات کے بعد اس بات کا فیصلہ کر لیا تھا کہ اب مل کر کام کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن کے زیر اہتمام اولمپکس ڈے کے حوالے سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ اسی حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی کھیل کی ترقی کے لیے اقدامات شروع کیے جانا خوش آئند ہے، ہمارا پورا تعاون ان کے ساتھ جاری رہے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن ملکر قومی کھیل کو ماضی کا عروج دلانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔