• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاول پور ریجن میں 9ماہ میں قتل کے 218مقدمات درج ہوئے

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور ڈاکٹر احسان صادق نے کہا ہے کہ بہاول پور ریجن کے 16سرکلز میں موثر اور بھرپور پولیسنگ کے نتیجہ میں سابقہ 7سالوں کے مقابلہ میں گذشتہ 18ماہ میں اقدام قتل جیسے سنگین اور بہیمانہ جرائم کی کم ترین شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔ چنانچہ پولیس افسران و اہلکاران جرائم سے پاک معاشرے کے ویژن کو عملی تعبیر دینے کے لئے اپنے فرائض منصبی مشنری جذبہ سے سرشار ہو کر سرانجام دیں، یہ بات انہوں نے بہاول پور ریجن کے ایس پی انسویسٹی گیشنز کے ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں رحیم یار خاں اور بہاول نگر کے ایس پی انویسٹی گیشنز نے بذریعہ ویڈیولنک جبکہ بہاول پور کے ایس پی انویسٹی گیشن نےذاتی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں سال 2015ء سے 15جون 2016ء تک بہاول پور ریجن میں اقدام قتل کی وارداتوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر احسان صادق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بہاول پور ریجن کے تینوں اضلاع کے 16سرکلز میں سال رواں کے پہلے 6ماہ میں قتل کے جرائم کے 122جبکہ سال 2015ء میں 342واقعات ریکارڈ کئے گئے۔ بہاول پور ریجن میں گذشتہ8سالوں کے مقابلہ میں یہ اقدام قتل کی سب سے کم ترین شرح ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2008ء میں 402،سال 2009ء میں 423، سال 2010ء میں 483، سال 2011ء میں 476، سال 2012ء میں 479، سال 2013ء میں 515 اور سال 2014ء میں 485اقدام قتل کے جرائم ریکارڈ کئے گئے،اجلاس میں بتایا گیا کہ بہاول پور ریجن کے شعبہ کرائم انویسٹی گیشن نے گذشتہ 18ماہ میں قتل کے425مقدمات کا اندراج کیا جن میں سے 214مقدمات کا چالان مکمل کر کے متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا گیا، 154مقدمات زیر تفتیش ہیں جبکہ 57مقدمات کا اخراج عمل میں لایا گیا ہے، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ بہاول پور ریجن میں ہومی سائیڈ یونٹ کے قیام کے بعد گذشتہ 9ماہ میں قتل کے 218مقدمات درج ہوئے ہیں جن میں سے 83مقدمات کے چالان مکمل کر کے متعلقہ عدالتوں میں پیش کر دیئے گئے ہیں، 111مقدمات زیر تفتیش ہیں جبکہ 24مقدمات کا اخراج عمل میں لایا گیا ہے۔ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور ڈاکٹر احسان صادق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہومی سائیڈ یونٹ کے قیام سے قتل کے مقدمات کی تفتیش کا عمل سائنسی بنیادوں پراستوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے تفتیشی افسران پر زور دیا کہ تفتیش کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لئے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے رابطوں کو مزید فعال بنایا جائے اور سائنسی تجزیے کے لئے بھجوائے گئے نمونہ جات کے جلد حصول کے لئے کوششیں تیز تر کی جائیں۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کہ کہ جن مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے ان کو فوری طور پر گرفتار کر کے نامکمل چالان جلد مکمل کر کے متعلقہ عدالتوں میں پیش کئے جائیں تاکہ کوئی بھی مجرم قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے۔
تازہ ترین