• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کردیا

پاکستان نے افغانستان کو تیسرے اور سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں 59 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ فتح اپنے نام کرلی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 269 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 209 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

یوں پاکستان نے ہمبنٹوٹا سے شروع ہونے والا جیت کا سفر کولمبو میں بھی جاری رکھا۔

افغانستان کی طرف سے مجیب الرحمان نے 35 گیندوں پر 64 رنز کی باری کھیلی، انہوں نے اس دوران 5 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے، وہ بدقسمتی سے شاہین آفریدی کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوگئے۔

افغانستان کی طرف سے شاہد اللّٰہ نے 37، ریاض حسن نے 34، راشد خان نے 16، حشمت اللّٰہ شاہدی نے 13، رحمان اللّٰہ گرباز نے 5، محمد نبی نے 3 جبکہ ابراہیم زدران اور گلبدین نائب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کے شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں پویلین روانہ کیا جبکہ فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں، ایک کھلاڑی کو آغا سلمان نے میدان بدر کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 268 رنز بنائے، گرین شرٹس کی طرف سے محمد رضوان نے 67 اور بابر اعظم نے 60 رنز کی باری کھیلی۔ رضوان نے اس دوران 1 چکا اور 6 چوکے جبکہ بابر نے 1 چھکا اور 4 چوکے لگائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد نواز 30، فخر زمان 27، امام الحق 13، سعود شکیل 9، شاداب خان 3 اور فہیم اشرف 2 رنز بناسکے۔

افغانستان کے گلبدین نائب اور فرید احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور راشد خان نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

گرین شرٹس نے تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، کولمبو میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج پہلے 10 اوور مشکل ہوں گے، زیادہ سے زیادہ رنز بنا کر افغان ٹیم پر دباؤ بڑھائیں گے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ میچ کے لیے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔ سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز اور وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ حارث رؤف، نسیم شاہ، افتخار احمد اور اسامہ میر کو آرام دیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم

امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی اور وسیم جونیئر آج کا میچ کھیل رہے ہیں۔

سیریز کے آخری میچ کے لیے افغانستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گرین شرٹس ابتدائی 2 میچ جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکے ہیں۔ 

آج تیسرا میچ جیتنے پر پاکستان ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آجائے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید