دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے آئے سیلاب سے نقصانات کا دائرہ بڑھنے لگا ہے۔
بہاولپور، بہاولنگر، وہاڑی اور لودھراں میں سیلاب سے سیکڑوں دیہات ڈوب چکے ہیں۔ ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔
دریائے ستلج میں بھارت سے آنے والا ایک اور ریلا گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پہنچ گیا ہے۔
اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے لودھراں میں مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے دریا کنارے آباد کئی اسکولز غیر معینہ مدت تک بند کردیے ہیں، متاثرین سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نہ کوئی ریلیف کیمپ لگا ہوا ہے نہ کوئی امداد ملی ہے۔
دوسری جانب بورے والا میں 2 افراد سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ سیلاب سے اب تک درجنوں دیہات متاثر اور متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔