کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) شارع فیصل پر عائشہ باوانی کے قریب منگل کی شام ایک شیر سڑک پر آگیا جسے دیکھ کر شہری خوفزدہ ہوگئے جبکہ گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،بعد ازاں شیرٹہلتا ہوا قریبی عمارت کی پارکنگ میں گاڑیوں کے پیچھے چھپ گیا اس موقع پر عوام کی بھیڑ لگ گئی، نائب مئیر سلمان مراد اور پولیس کی بھاری نفری اعلی ٰافسران کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی رابطہ کرنے پر وائلڈ لائف کا عملہ واقع کے ایک گھنٹے بعد موقع پر پہنچا، اس دوران گارڈن میں رہائش پذیر شیر کے مالک سے رابطہ کیا گیا اس نے بتایا کہ شیر بیمار تھا اسے علاج کے لیے پک اپ میں منتقل کیا جا رہا تھا ،شیر پک اپ کا دروازہ توڑ کر کود کر سڑک پر آ گیا ، شیر نے ایک شہری پرحملہ بھی کیا تاہم شہری محفوظ رہا، ایک گھنٹے بعد محکمہ وائلڈ لائف کےاہلکاروں نے شیر کو قابومیں کرلیا، پولیس نے شیر کے مالک اورایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے،نگراں وزیراعلی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے کر محکمہ وائلڈ لائف سے شیر کو شہری علاقے میں رکھنے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے ،ایس ایس پی نے بتایا ہے کہ شیر کے مالک کو گارڈن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، وائلڈ لائف کے کنزرویٹو جاوید مہر کا کہنا ہے کہ بہت سے شہریوں نے غیر قانونی طور پر پابندی کی زد میں آنے والے جانور گھروں میں رکھے ہیں عوام ایسی جگہوں کی نشاندھی کریں محکمہ وائلڈ لائف ان کے خلاف کارروائی کرئے گا ، شیر کے مالک سے لائسنس اور دیگر دستاویزات طلب کرلی گئی ہیں۔