معروف ماڈل روبینہ خان شاہ کے شوہر کے ہاتھوں شوٹنگ کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کا بھی بیان سامنے آ گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ماڈل روبینہ خان کے شوہر کی جانب سے ایک میک اپ آرٹسٹ پر تشدد سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں جس پر ماڈل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحت دی تھی۔
اس واقعے کے بعد پاکستان کی متعدد نامور اداکاراؤں اور سپر ماڈلز کی جانب سے ماڈل روبینہ خان شاہ پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
اب اس واقعے پر تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ، بریان ولیمز نے بھی خاموشی توڑ دی ہے اور اپنی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر طویل اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شوٹنگ کے دوران میں نے ماڈل کے قیمتی زیورات اپنے پاس رکھنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد میرے کام کی جگہ پر 5 مسلح افراد نے مجھ پر جسمانی حملہ کیا اور ہراساں کیا۔
بریان ولیمز کا کہنا ہے کہ یہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب ماڈل نے اپنا زیور میرے پاس رکھنے کو کہا اور میں نے ان کا قیمتی سامان اپنے پاس رکھنے سے انکار کر دیا تھا کیونکہ یہ میرے کام کا حصہ نہیں ہے، ایک اور اہم بات یہ کہ ہمیں اپنے سیلون کی جانب سے ماڈلز کی ذاتی اشیا رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔
میک اپ آرٹسٹ نے ماڈل کا نام لیے بغیر لکھا کہ میں نے اس خاتون سے کہا کہ آپ اسٹائلسٹ ٹیم سے پوچھ سکتی ہیں کہ آپ کا سامان رکھنے کی ذمہ داری کس کی ہے جس کے بعد ماڈل نے مجھ سے بدتمیزی کی، نامناسب الفاظ استعمال کیے اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں، میرے اور ماڈل کے درمیان کچھ دیر تک بحث ہوئی تھی جس کے بعد میں نے اپنا کام جاری رکھا کیونکہ یہ سب شوٹنگ کے دوران ہوا تھا۔
میک اپ آرٹسٹ کا بتانا ہے کہ کچھ دیر بعد میں نے دیکھا کہ 4 سے 5 مسلح افراد سیڑھیوں پر چڑھ رہے ہیں اور انہوں نے آتے ہی مجھ پر حملہ کر دیا، ان مسلح افراد نے مجھے دوسری منزل سے گراؤنڈ فلور تک سیڑھیوں پر گھسیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
بریان ولیمز کے مطابق مسلح افراد اور ماڈل کے شوہر نے مجھے بے رحمی سے مارا اور تشدد کا نشانہ بنایا یہاں تک کہ اُنہوں نے مجھ سے پہلے بات کرنے کی کوشش تک نہیں کی کہ آخر معاملہ کیا تھا۔
ماڈل کے شوہر اور مسلح افراد کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز نے اپنی اسٹوری کے آخر میں لال رنگ میں لکھا ہے کہ ’یہی سچ ہے۔‘
واضح رہے کہ میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کئی سالوں سے نامور میک اپ آرٹسٹ نبیلہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں، وہ ناصرف پاکستانی معروف ماڈلز بلکہ بیرونِ ملک نامور فنکاروں کے ساتھ بھی کام چکے ہیں۔