قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹکرے کیلئے پرجوش اور پرامید ہیں۔
کینڈی میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت ہمیں بھارت کے خلاف ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہے، ڈیڑھ دو ماہ سے یہاں کرکٹ کھیل رہے ہیں پہلے یہاں ٹیسٹ سیریز کھیلی۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار چیزیں اوپر نیچے ہوتی ہیں لیکن کافی عرصے سے اچھا کرتے آ رہے ہیں، ہم ایشیا کپ میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ مڈل آرڈر میں ہم تھوڑا مشکل میں رہے لیکن اب مڈل آرڈر کا رسپانس اچھا ہے، کوشش کریں گے کہ اپنی بہترین الیون کو ہی لے کر چلیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کچھ کھلاڑیوں کو لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کھیلنے کا بھی موقع ملا، ہم پر پریشر نہیں مومینٹم بنا ہوا ہے کوشش کریں گے اسے برقرار رکھیں۔
بابر اعظم نے یہ بھی کہا کہ تمام کھلاڑی پُرجوش ہیں سب جانتے ہیں، پاکستان اور بھارت کا زبردست میچ ہوتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ دنیا میں سب اس میچ کا انتظار کرتے ہیں ہم پُرجوش اور اُمید ہیں اچھا میچ ہوگا۔