ایشیا کپ میں ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔
ایک پوائنٹ ملنے کے بعد پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ نیپال اور بھارت کی ٹیموں میں سے ایک ٹیم آج ایونٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
اتوار کے روز بھارتی ٹیم نے کوئی پریکٹس نہیں کی جبکہ نیپال کی کرکٹ ٹیم نے انڈور ٹریننگ سیشن کیا۔
ایشیا کپ میں آج بھارت اور نیپال کے درمیان میچ سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیڈی میں آج بھی بارش کا 80 فیصد سے زیادہ امکان ہے، بتایا جا رہا ہے کہ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان بارش کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
بھارت اور نیپال کے درمیان آج ہونے والا میچ بھی بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو اس صورت حال میں بھارتی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
اس وقت گروپ اے میں پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارتی ٹیم ایک پوائنٹ کے ساتھ دوسرے اور نیپالی ٹیم کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے نیپال کو ایونٹ کے پہلے میچ میں 238 رنز سے شکست دی تھی۔