سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی ہدایات پر اقدامات سے ڈالر کی قیمت کم ہوئی، قیمت میں 15، 16 روپے فرق آیا، چند روز میں مزید 10روپے فرق آئے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کے لیے اچھا دن ہے، 35 سال سے لیڈرشپ کے نام پر کرپٹ ٹولے سے قوم کی جان چھڑوانی ہوگی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ اس کرپٹ ٹولے سے جان چھڑوائیں پاکستان سونا اگلنے لگے گا، پرویز مشرف کے دور میں پاکستان سونا اگل رہا تھا، پرویز مشرف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، مشرف نے مار تب کھائی جب یہ 18 کرپٹ لیڈر ان کے ساتھ جا کر ملے۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ اپنے مشیر صحیح چن لیں تو کبھی گھاٹے کا سودا نہ کریں، تحریک انصاف نے کیا دیا کون سی نوکری دی؟ کون سے گھر دیے؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا نیا پاکستان بنائیں گے ہم عجیب پاکستان بنا کر بیٹھ گئے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ 16ماہ میں پی ڈی ایم حکومت نے اپنے کیس معاف کروائے، ملک کا بھٹا بٹھایا، اس کرپٹ ٹولے سے جان نہ چھڑوائی تو آنے والی حکومت 18ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی، استحکام پاکستان پارٹی کا جھنڈا ابھی بنا ہی نہیں انڈر مینو فیکچرنگ ہے، انتخابات کے بعد بھی اگر یہ گندے انڈے آئے تو حکومت کی مدت 18 ماہ ہی ہوگی۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الیکشن ضرور ہوں گے اور 6 ماہ سے پہلے ہوجائیں گے، عام انتخابات شاید جنوری 2024 میں ہوجائیں، پاکستان کی تاریخ میں آج تک صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوئے، آیندہ الیکشن شاید کنٹرولڈ ہوں گے۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا، عوام کا اعتماد نہ ہو تو اس ملک میں کوئی سرمایہ کاری کرے گا؟
شعیب شاہین نے کہا کہ ڈالر کی قیمت آج کم ہوئی ہے تو بڑھی کیسے اس کی بھی تحقیقات کریں، اشرافیہ 18ارب ڈالر سالانہ مفت مراعات لے رہے ہیں،ملک کی تباہی کی اصل وجہ یہ مفت مراعات ہیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ کل ہم نے وکلا کانفرنس رکھی ہے کل سے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، آئین،قانون کی بالا دستی کیلئے تحریک چلائیں گے جیسے مشرف کے خلاف چلائی تھی۔
شعیب شاہین نے مزید کہا کہ ملک میں بے یقینی کی کیفیت تب ختم ہوگی جب الیکشن ہوں گے، الیکشن میں دھاندلی ہوگی تو ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔