• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے صدر عارف علوی کو خط لکھ دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نام خط لکھ دیا۔

عمر ایوب نے خط میں لکھا کہ آئین کے آرٹیکل 48 (5)  قومی اسمبلی توڑنے کی صورت میں صدر کو انتخابات کے انعقاد کےلیے 90 دن میں تاریخ کے تعین کا پابند بناتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان ازخود نوٹس کے فیصلوں میں آئین کے اس آرٹیکل کی تشریح کرچکی ہے۔

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا تعین صدر کا استحقاق اور اہم ترین آئینی فریضہ ہے، دستور کا آرٹیکل 5 ہر شہری کو ریاست سے وفاداری اور آئین اور قانون کی تابعداری کا پابند بناتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ریاست عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے ہی اپنے اختیارات اور اقتدار کے استعمال کی پابند ہے، قومی اسمبلی کے انتخابات جمہوریت کا بنیادی تقاضا ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ آپ نے وزیراعظم کے مشورے پر 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کی، جس کے انتخابات کی تاریخ کا تعین بھی آپ کی ذمے ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کے تعین سے متعلق الیکشن ایکٹ 2017ء کا سیکشن 57 کُلی طور پر آئین کے تابع ہے۔

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دستور کے آرٹیکل 48 (5) کی رو سے انتخابات کی تاریخ کا تعین بطور صدر آپ کے ہی ذمے ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بطور صدرِ مملکت آپ انتخابات کی تاریخ کا تعین کا آئینی تقاضا پورا کریں۔

قومی خبریں سے مزید