پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی واپسی بحرانوں کی سیاہ تاریک رات میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سَحَر ہے، عوام نواز شریف کو واضح مینڈیٹ دیں، ہم عوام کو مہنگائی میں واضح کمی کرکے دکھائیں گے۔
لاہور میں ن لیگ کے سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم کو مشکلات سے نکالنے اور قوم کو مہنگائی و معاشی بدحالی سے نجات دلانے آ رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ملک کو انتقام نہیں بلکہ اتحاد، امن، معاشی ترقی اور مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام نواز شریف کو دو تہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں، وعدہ ہے معاشی بدحالی، مہنگائی، بیروزگاری کے اندھیرے ختم کردیں گے۔ نواز شریف نے عوام سے ہر وعدہ پورا کیا۔